
صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں مسافر کوچ گہری کھائی میں گرگئی 12 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثہ علی الصبح صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں بیلہ سے 35 کلومیٹر دور لنگڑاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پل سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری اور گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ تاہم شہری علاقے سے دور ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں تاخیر ہوئی۔
اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ کوچ سے 10 مسافروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ کوچ میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے اور یہ کوئٹہ سے کراچی آ رہی تھی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال بیلہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ زیادہ تر زخمی جھلسے ہوئے ہیں تاہم مقامی اسپتال میں برنس وارڈ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں کراچی سول اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
فائر بریگیڈ نے کوچ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، جس کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔ انتظامیہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
Comments
#کوچ #گہری #کھائی #میں #گر #گئی #افراد #جاں #بحق #متعدد #زخمی