کار میں سونے والے سیکیورٹی گارڈ کی معمولی غلطی کا بھیانک انجام


حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے کار میں سونے سے قبل ایک ایسی غلطی کی، جس نے اس کی جان سمیت کئی کاروں کو تباہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح حیدرآباد کے علاقے کنگ کوٹھی کے ایک آٹو گیراج میں ایک سیکیورٹی گارڈ کار کے اندر زندہ جھلس کر ہلاک ہو گیا، سیکیورٹی گارڈ نے کار کے اندر مچھر بھگانے کے لیے کوائل جلایا تھا۔

گیراج کے ذمہ داروں نے جمعہ کی رات کو کام ختم کرنے کے بعد شیڈ کو تالا لگا دیا تھا، جب کہ شیڈ کے سامنے سات عدد کاریں موجود تھیں۔

42 سالہ سیکیورٹی گارڈ سنتوش کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ان کاروں میں سے ایک کار میں سو گیا، تاہم اچانک صبح تقریبا 4 بجے اس کار میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ دیگر کاروں تک پھیل گئی۔

مقامی لوگوں کو حادثے کے بارے میں تب معلوم ہوا جب آگ کی وجہ سے گاڑیوں کی بیٹریاں پٹھنے لگیں، لوگوں نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دے دی، جس کے بعد فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔

سیکیورٹی گارڈ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس نے سونے سے پہلے مچھروں کو بھگانے کے لیے گاڑی کے اندر کوائل کا استعمال کیا تھا، اس کوائل سے کار میں آگ لگ گئی، سنتوش کے بارے میں یہ شبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ نشے کی حالت میں تھا۔

Comments




#کار #میں #سونے #والے #سیکیورٹی #گارڈ #کی #معمولی #غلطی #کا #بھیانک #انجام

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *